چنیوٹ ، 21ستمبر (اے پی پی ): انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے وژن کے مطابق انسداد منشیات کیلئے آگاہی مہم کا سلسلہ جاری ہے، منشیات کے استعمال اور اس کے نقصانات سے آگاہی کے حوالے سے فاسٹ نیشنل یونیورسٹی میں سیمینار کا انعقادکیا گیا۔ جس میں ڈی پی او عبداللہ احمد، پولیس افسران، یونیورسٹی اساتذہ اور طالب علموں نے شرکت کی۔
ڈی پی او عبداللہ احمد نے طالب علموں کو مضمرات منشیات اور انسداد منشیات سے آگاہی کے حوالے سے بریفینگ دی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کا استعمال ناقابل برداشت عمل ہے جس کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے، منشیات کی روک تھام کے حوالے سے پولیس بڑے پیمانے پر اقدامات اٹھا رہی ہے اور ضلع بھر میں منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نشے کے عادی افراد کو معاشرے کا کارآمد فرد بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہیں ہیں، نشے کے عادی افراد کو انسداد منشیات سنٹرز، ہسپتالوں میں داخل کروایا جا رہا ہے۔
ڈی پی او عبداللہ احمد کا کہنا تھا کہ منشیات کی لعنت سے نوجوان نسل کو دور رکھنے میں والدین اور اساتذہ اپنا کردار ادا کریں، اپنے جوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا کر منشیات کا خاتمہ کیا جائے گا۔
سیمینار میں شامل اساتذہ اور طالب علموں نے منشیات کے ناسور کے خاتمہ کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔