ڈیرہ غازی خان؛ کچہری میں واردات کی نیت سے آنے والے ملزمان گرفتار ، اسلحہ برآمد

25

ڈیرہ غازی خان،26ستمبر(اے پی پ): ڈیرہ غازی خان پولیس نے کچہری میں واردات کی نیت سے آنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے ہینڈ گرنیڈ کلاشنکوف، پسٹل اور گولیاں برآمد کر کے  تفتیش شروع کر دی ہے۔

ایس ایچ او تھانہ سول لائن طالب حسین نے واردات کی نیت سے آئے ہوئے تین ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ پیشی پر آنے والے اسحاق عرف شاکا ککھ کو حبیب اللہ نے اپنے دیگر نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ مل کر قتل کر دیا تھا اور فرار ہو گئے، جس پر تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج ہوا۔ مقدمہ کی پیروی کو روکنے کے لئے حبیب اللہ نے اپنے دیگر ساتھیوں سے ملکر شاکا ککھ کے بھائی جو عدالت پیشی پر آئے ہوئے تھے کو نقصان پہنچانے کے لئے اسلحہ سمیت پہنچ گئے، پولیس نے اطلاع ملتے ہی بروقت کارروائی کر کے ملزمان قاسم، محمد اختر اور یونس کو ہینڈ گرنیڈ، کلاشنکوف، پسٹل اور گولیوں سمیت گرفتار کر لیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی موقعے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار گئے۔

ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے بتایا کہ وہ بلال وغیرہ جو مقدمہ کی پیروی کر رہے تھے کو مقدمہ کی پیروی سے روکنے کے لئے بھاری نقصان پہنچانے کی نیت سے آئے تھے لیکن گرفتار کر لیے گئے۔

ایس ایچ او تھانہ نے کہا کہ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید حسنین حیدر کی ہدایت پر شرپسندی اور خوف و حراس پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا اورکسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔