ڈیرہ غازی خان،13 ستمبر(اے پی پی):ڈیرہ غازی خان پولیس نے کارروائی کے دوران بین الصوبائی اسلحہ ڈیلر کو گرفتار کر کے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ڈی پی او ڈیرہ غازی خان حسن افضل کی ہدایت پر تھانہ صدر پولیس نے بڑی کارروائی کر کے غیر قانونی اسلحہ کی بڑی کھیپ پکڑ کر مقدمہ درج کر لیا۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ تھانہ صدر پولیس ڈیرہ غازی خان نے کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی اسلحہ ڈیلر محمد شفیق ولد محمد اسحاق کو گرفتار کر لیا۔ ملزم ضلع ہری پور کا رہائشی ہے جب اس کی گاڑی AXQ/687 کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے غیر قانونی اسلحہ 3 کلاشنکوف، 17 پسٹل 30 بور ، 6 عدد میگزین کلاشنکوف، 34 عدد میگزین پسٹل ،410 راؤند کلاشکوف، 3900 عدد راوند پسٹل برآمد ہوئے۔پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 765/23 درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔