گلگت،4ستمبر (اے پی پی):گلگت بلتستان کے چار اضلاع کے 4000 سے زائد طلبا نےشہر میں امن برقرار رکھنے کے لئے شاندار ریلی کا انعقاد کیا ۔ ریلی کا آغاز بوائز ہائی سکول نمبر 1 گلگت سے سول سیکرٹریٹ گلگت بلتستان تک پر امن ریلی سے ہوا جو چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کے دفتر میں ایک پُر عزم قرارداد پیش کرنےکے بعد اختتام پذیر ہوئی۔
قرارداد میں طلباء نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم سب سے بڑھ کر ہے اور اسے حاصل کرنے کے لیے انہیں ایک پر امن ماحول کی ضرورت ہے اور گلگت میں امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی سطح کی حمایت کا یقین دلاتے ہیں۔ شرکا ریلی کے اہم نکات طلبانے واضح کیا کہ امن ہی وہ بنیاد ہے جس پر ان کی تعلیم اور ترقی کا حصول ہے۔
شرکا ریلی نے اس بات کو واضح کیا کہ گلگت بلتستان فرقہ وارانہ کشیدگی اور تنازعات سے پاک خطہ ہے۔جی بی کے نوجوانوں نے اخوت کے اسلامی تصور سے اپنی غیر متزلزل وابستگی اور اسے مستقبل کے لیے محفوظ رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔امن کے لیے طلبہ کا پاور شو یہ واضح پیغام دیتا ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگ تعلیم، ترقی اور ہم آہنگی کے حصول کے لیے پر عزم ہیں۔ وہ اپنے امن پسند طرز زندگی میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف متحد ہیں۔