گوجرانوالہ؛پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمتوں میں سے ایک ایسی نعمت ہے جس کی بدولت آج ہم آزاد ہیں، ڈپٹی کمشنر

18

گوجرانوالہ،06 ستمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمتوں میں سے ایک ایسی نعمت ہے جس کی بدولت آج ہم ایک آزادملک میں اپنی مرضی اورآزادی سے سانس لے رہے ہیں، ہمارے بزرگوں نےانتھک کوششوں اورلازوال قربانیوں کے بعداس خطہ عرض کوحاصل کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  06 ستمبر یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ضلع کونسل ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے تحفظ کیلئے ہم نے آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنااورپاکستان کوخوشحال اورترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانے کیلئے ایمانداری، خلوص نیت، جانفشانی سے اپنے فرائض، زمہ داریاں اداکرنی ہونگی۔

ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا کہ پاکستان کی آزادی، دفاع اورترقی میں تمام اقلیتوں نے بھی بھرپورکرداراداکیا، اقلیتوں کےحقوق کا ضامن اسلام اورآئین پاکستان ہے، تمام پاکستانی اپنے اقلیتی بہن بھائیوں کا خیال رکھیں اورانہیں یہ بات باورکرائیں کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہری آئین اورقانون کی روح کے مطابق برابرہیں۔

سی ای او ایجوکیشن سکول ایجوکیشن اعظم کاشف کہا کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ مکمل ہفتہ یوم دفاع پاکستان کے طور پر منارہا ہے، تمام سرکاری سکولوں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے، سرکاری سکولوں میں افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی اور وطن عزیز کے دفاع کیلئے دی گئی قربانیوں سے روشناس کروانے کے لیے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

تقریب میں شریک طلبا و طالبات نے پاک فوج سے یکجہتی اور وطن عزیز سے محبت کے اظہار کے لئے ملی نغمے، ٹیبلوز، تقاریر سے شرکاء کا لہو گرمایا۔

ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے اسسٹنٹ کمشنرز اور سی او ایجوکیشن کو سکولوں میں بہترین پروگرام انعقاد کروانے پر سراہا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) شبیر حسین بٹ، سی ای او ایجوکیشن، ضلعی انتظامیہ، ضلع کونسل، ایجوکیشن کے افسران اساتذہ، طلبا و طالبات، سول سوسائٹی، میڈیا نمائندوں، شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔