سیالکوٹ،06 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان کی زیر صدارت یوم دفاع پاکستان کے سلسلہ میں تبدیلی ہلال استقلال کی مرکزی تقریب جناح ہال قلعہ سیالکوٹ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر حمید اللہ تھے جبکہ تقریب میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ محمد اقبال، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ غلام سرور، سی او میونسپل کارپوریشن ملک اعجاز احمد،ڈی ایس پی موٹر وے پولیس اقبال بٹ،سی سی او ایجوکیشن حافظ معروف، ڈی او سیکنڈری ملک اللہ داد، ڈی او ایلیمنٹری اسما ڈار اور عاشق صدیقی کے علاوہ کثیر تعداد میں سکولوں کے طلبہ اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جنگ ستمبر 1965میں افواج پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو ناکوں چنے چبانے پر مجبور کردیا، سیالکوٹ کے شہریوں نے جنگ ستمبر میں جس عزم اور بہادری کا مظاہرہ کیا، اس پر سیالکوٹ کو ہلال استقلال کا اعزاز حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ ستمبر میں قوم کا جو جذبہ تھا آج اس سے زیادہ ہے۔ پاکستان کے عوام افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں اور قوم اپنے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر تجدید عہد کا دن ہے اس روز پوری قوم کو یہ عہد کرنا ہوگاکہ ملک کی سالمیت اور بقا کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر حمید اللہ نے کہا کہ ستمبر 1965کی پاک بھارت جنگ میں سب سے بڑی ٹینکوں کی جنگ چونڈہ کے محاذ پر لڑی گئی اور جذبہ شہادت سے سرشار فوجی جوانوں نے اپنے جسموں کے ساتھ بم باندھ کر ٹینکوں کے نیچے لیٹ گئے اور دشمن خوف کے مارے میدان چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افواج دنیا کی بہترین فوج ہے اور کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔
تقریب میں سکولوں کے طلبہ نے ملی نغموں اور ٹیبلو پیش کر کے افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے اداروں کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر اور بریگیڈیئر حمید اللہ نے جناح ہال قلعہ پر تبدیلی ہلال استقلال کی رسم انجام دی۔ اس موقع پر ملک وقوم کی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا کی گئی ۔