اسلام آباد، 30 اکتوبر (اے پی پی): کومبس ففتھ ایشین تائیکوانڈو اوپن چیمپئن شپ برائے سینئر پومسے اور کیوروگی، یکم سے پانچ نومبر تک پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن (پی ٹی ایف) کیجانب سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہو گی۔
پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایشین تائیکوانڈو یونین (اے ٹی یو) پروفیسر کیو سیوک لی ، صدر پی ٹی ایف کرنل (ر) وسیم جنجوعہ ، سی ای او پی ٹی ایف عمر سعید ، جی ینگ (ایلیسیا) کم سینئر ڈائریکٹر اے ٹی یو، مرتضیٰ بنگش سیکرٹری جنرل پی ٹی ایف اور زبیر ماچا جنرل منیجر کومبیکس اسپورٹس نے بتایا کہ 26 علاقائی اور عارضی ٹیموں کے ساتھ کل 27 ممالک نے میگا ایونٹ کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایف کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ 27 سے 31 اکتوبر تک بالترتیب حمیدی اور روڈھم ہالز میں چار ایشین تائیکوانڈو یونین کورسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
صدر پی ٹی ایف نے کہا کہ مذکورہ ایونٹ میں پاکستان ایشین تائیکوانڈو کی تاریخ میں صدر ایشین تائیکوانڈو یونین کی یہ پہلی شرکت ہے۔ ایونٹ کے مرکزی سپانسرز پیس کومبیکس اسپورٹس، پاکستان آرمی، پاکستان سپورٹس بورڈ اور دیگر ہیں۔ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب 2 نومبر کو ہوگی جبکہ اختتامی تقریب 5 نومبر کو ہوگی۔انہوں نے کہا کہ لیاقت جمنازیم میں کھیلے جانے والے میگا ایونٹ میں کیوروگی اور پومسے کے سینئر کیٹیگری مقابلوں میں دنیا بھر سے ٹاپ تائیکوانڈو کھلاڑی حصہ لیں گے۔
پی ٹی ایف کے صدر کرنل (ر) وسیم جنجوعہ نے پاکستان کو دی گئی ایشین اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ کی میزبانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ٹی ایف نے گزشتہ سال بھی پاکستان میں چوتھے ایشین اوپن کا انعقاد کیا تھا۔ کھیلوں اور خاص طور پر تائیکوانڈو کے ذریعے پاکستان کے مثبت امیج کو پروان چڑھایا جائے گا کیونکہ اس کھیل میں 27 ممالک حصہ لیں گے۔
پانچ دنوں کے دوران، 500 سے 600 کھلاڑی کھیروگی اور پومسے ایونٹس کے گولڈ اور مختلف میڈل کیٹیگریز کے لیے مقابلہ کریں گے۔ چیمپئن شپ میں مختلف پاکستانی ٹیموں کے ساتھ مجموعی طور پر 26 غیر ملکی ٹیمیں حصہ لیں گی۔