بیجنگ،19اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سی پیک کو پاک چین دوستی کے لیے سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں پچھلے دس سال میں سی پیک کے ثمرات معاشی ترقی کی صورت میں سامنے آئے ہیں، سی پیک سے پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ خطے میں مواصلاتی روابط کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں چائنہ ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی (سڈکا) ) کے چیئرمین لئوزاﺅہوئی سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعظم نے سی پیک کے شراکت داری اور رابطے بڑھانے کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے ثمرات گزشتہ دس برس میں پاکستان کی معاشی ترقی کی صورت میں حاصل ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک پاک چین دوستی کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس سے نہ صرف پاکستان میں معاشی ترقی و خوشحالی ہوگی بلکہ خطے میں مواصلاتی روابط و مجموعی ترقی کو فروغ ملے گا۔وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور لئوزاﺅہوئی نے چین اور پاکستان کے درمیان سی پیک کے تحت زراعت، صحت، تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، صاف پانی کی فراہمی اور تخفیف غربت سے متعلق تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ لئوزاﺅہوئی نے چین کے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹیو پر عملدرآمد کو تیز کرنے کے لیے وزیراعظم کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور سڈکا کے درمیان شراکت داری باالخصوص اس کے تحت پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو سراہا۔ چیئرمین سڈکا لئوزاﺅہوئی نے وزیر اعظم کو اپنے ادارے کی طرف سے سی پیک کے طویل المدتی منصوبوں کی تکمیل میں مدد کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔