جوہرآباد،20 اکتوبر( اے پی پی ): مسلم لیگ ن پنجاب کی نائب صدر سمیرا ملک( امیدوار برائے حلقہ این اے 87 خوشاب) کے کیمپ آفس میں میاں نواز شریف کے استقبال کے سلسلہ میں اجلاس کا اہتمام کیا گیا۔جس میں حلقہ کے یونین کونسلوں کے سابق چیئرمینوں، پارٹی کارکنان، عہدیداران اور حلقہ بھر کے سپوٹران کے ساتھ 21 اکتوبر کو قائد تحریک مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کے استقبال اور جلسہ میں بھرپور شرکت کرنے کا عزم کیا گیا ۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن ضلع خوشاب کی کوآرڈینیٹر ثریا اصغر ، سابق سینیٹر و صدر مسلم لیگ ن خوشاب ڈاکٹر غوث محمد خان نیازی ، ضلعی رہنما مسلم لیگ ن و سابق ممبر پنجاب بار کونسل ملک حبیب نواز ٹوانہ ، چیئرمین یو سی بوتالہ چوہدری خالد ، شعبہ خواتین ونگ کی ضلعی صدر محترمہ شبانہ رحمان ، ملک خدا داد آف نلی ،جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن مسلم لیگ ن لائرزونگ کے ضلعی صدرچوہدری ارشد محمود ایڈووکیٹ ملک سمیع الحق ملک مسعود نذیر راجڑ، ملک تنویر توانہ نے 21 اکتوبر میاں نواز شریف کے استقبال کے سلسلہ میں منعقدہ مشاورتی اجلاس کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
سمیرا ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ اب وقت کا تقاضا ہے کہ میاں نواز شریف کے بغیر ملک پاکستان کی ترقی انتہائی ناممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک پاکستان کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کے لیے میاں نواز شریف ٹھوس اقدامات کی بدولت ملک کو بچا سکتے ہیں اور ملک کی معیشت بحال ہو گی اور بے روزگاری خود بخود ختم ہو جائے گی اور پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ 21 اکتوبر کو کیمپ آفس جوہرآباد سے مسلم لیگ ن سمیرا گروپ کی طرف سے عہدیداران وکارکنان کثیر تعداد میں اپنے قائد میاں نواز شریف کے استقبال کے لئے مینار پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے۔