جیکب آباد، 27 اکتوبر (اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یوم سیاہ کشمیر منایا گیا اور ڈپٹی کمشنر جیکب آباد داد لو خان زہرانی اور ایس ایس پی جیکب آباد سید عامر عباس شاہ کی سربراہی میں ریلی نکالی گئی۔
ڈپٹی کمیشنر دفتر سے پریس کلب تک کشمیر کے حق میں اور بھارتی غیر انسانی اقدام کے خلاف ریلی میں کشمیر بنے پاکستان پاک فوج زندہ باد کے نعرے بلند کیے گئے۔جیکب آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے سائرن بجاکر ایک منٹ کیلئے ٹریفک روک دی گئی۔
اس موقع ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیر کے حق خودارادیت کو غصب کرتے ہوئے کشمیریوں پر مظالم ڈھائے مگر اسکے باوجود کشمیریوں کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکے،پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کھڑی ہے اور بھارتی فسطائی روئیے اور غیرقانونی قبضے کے خلاف ہے۔
ریلی میں سرکاری افسران و جوانوں سمیت اسکول و کالجوں کے طلبہ،اساتذہ، مختلیف شعبہ جات زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، مذہبی طبقہ، سول سوسائٹی اور عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔