دی ہیگ ؛ پاکستانی سفارت خانہ کی طرف سے دوستی پاکستان ایمبیسیڈرز کرکٹ کپ 2023 کا انعقاد

10

دی ہیگ،1اکتوبر (اے پی پی):دی ہیگ میں  پاکستانی سفارت خانہ نے دوستی پاکستان ایمبیسیڈرز کرکٹ کپ 2023 کا  روٹرڈیم میں  انعقاد کیا گیا،  یہ میچ  کوویڈکی وجہ سے چار سال بعد منعقد ہوا، یہ دوستانہ کرکٹ میچ پاکستانی سفارت خانہ  اور ڈچ کرکٹ بورڈ ( کے این سی بی)کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔

ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد لوگوں کے مابین دوستی اور باہمی تبادلے کو فروغ د ینا تھا۔ کھیل کے اس اہم مقابلے کو کمیونٹی تنظیموں کے تعاون سے منعقد کیا گیا جس کو دیکھنے کے لئے کمیونٹی ممبران کی کثیرتعداد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ تشریف لائی۔ سفیر سلجوق مستنصر تارڑاور چیئرمین کے این سی بی   خائیدو لاندیر (Guido Landheer) نے کھلاڑیوں اور سپانسرز میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی۔

سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے اپنے خیالات  کا اظہار کرتے ہوئے   پاکستان اور  نیدر لینڈکے مابین دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں کھیلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کے این سی بی کو 2023 ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے نیدر لینڈ میں کرکٹ کے فروغ میں پاکستانی نژاد ڈچ کھلاڑیوں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے چیئرمین  کے این سی بی  کا کرکٹ میچ کے انعقاد میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین خائیدو لاندیر (Guido Landheer) نے دوستی کرکٹ کپ کو بحال کرنے کے لیے سفارت خانے کے اقدام کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے مشہور ہے اور سفارت خانے کی جانب سے اس طرح کے ایونٹس کے انعقاد سے نیدر لینڈمیں کرکٹ کے فروغ اور دونوں ملکوں کی عوام کے درمیان روابط میں فروغ میں مدد ملے گی۔ اس سے پہلے دوستی پاکستان ایمبیسیڈر کرکٹ کپ 2018 میں کھیلا گیا تھا۔