ساہیوال،26اکتوبر(اے پی پی):ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر آفیسر راؤ شاہد رضا خان نے کہا ہے کہ بچوں کی اچھی تعلیم و تربیت کے لئے ضروری ہے کہ ان کی تعداد اپنے وسائل کے مطابق رکھی جائے، موجودہ دور میں خاندان کی کامیابی کا انحصار تعداد پر نہیں بلکہ خاندان کے تعلیم یافتہ اور معاشرے کے لئے بامقصد ہونے پر ہے، نئی نسل کو چھوٹے کنبے کے فوائد بارے آگہی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں صحافیوں، کالم نگاروں اور میڈیا پرسنز کے ساتھ انٹرایکٹو سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر آفیسر راؤ شاہد رضا خان نے کہا کہ سیشن کا بنیادی مقصد معاشرے کے تمام طبقات تک چھوٹے کنبے کے حوالے سے آگہی فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافے اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل بارے عوام کی آگہی کے لئے میڈیا کا اہم کردار ہے جو اسے احسن طریقے سے نبھا رہا ہے۔
راؤ شاہد رضا خان نے اپنے محکمے کے اغراض و مقاصد بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے ساہیوال کی دونوں تحصیلوں میں 42فلاحی مراکز اور 59سوشل موبلائزرز کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع کے تمام کالجز اور یونیورسٹیز میں طلبہ و طالبات میں لیکچرز دیے جا رہے ہیں۔
شرکاء نے محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے سیشن کے انعقاد کو خوب سراہا اور امیدظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے سیشنز کا انعقاد کیا جائے۔
سیشن کے اختتام پر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر آفیسر راؤ شاہد رضا خان نے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔