ساہیوال،27اکتوبر(اے پی پی):ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر نے سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان کے ہمراہ سٹاپ نمبر1 فرید ٹاؤن کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے مسائل حل کرنے کے لئے موقع پر جاکر معائنہ اور مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ سٹی مینجر نے یقین دہانی کروائی کہ کارپوریشن کی طرف سے سیوریج لائن کھولنے کے بعد اطراف میں موجود ٹوٹی سڑکوں کو پسپ مرمت کر دے گی تاکہ شہریوں کی مشکلات دور ہو سکیں۔
بعدازاں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر نے ایم سی پرائمری سکول کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری صفائی کے کام کا جائزہ لیا۔ سکول کی یہ عمارت محکمہ تعلیم کی طرف سے دوسرے سکول میں ضم کرنے کی وجہ سے کئی سالوں سے غیر استعمال تھی اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی۔
شفیق احمد ڈوگر نے بتایا کہ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی منظوری اور محکمہ تعلیم کی رضا مندی سے عمارت کی صفائی کرا کر اسے ساہیوال بورڈ کے حوالے کیا جائے گا تاکہ بورڈ کے کرائے پر قائم دفاتر وہاں شفٹ کر کے بھاری مد میں کرائے کی ادائیگی بچائی جا سکے۔