ساہیوال بائ پاس منصوبہ30نومبر تک مکمل کیا جائے،کمشنر

12

ساہیوال، 16 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے زیر تعمیر ساہیوال بائی پاس کی تکمیل کی ڈیڈ لائن دے دی، منصوبہ30نومبر تک مکمل کیا جائے، وزیر اعلیٰ پنجاب دسمبر کے پہلے ہفتے منصوبے کا افتتاح کریں گے ۔ منصوبے کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں لہذا کام کی رفتار تیز کرکے اسے ڈیڈ لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔ بائی پاس کی تکمیل سے ساہیوال شہر سے گزرنے والی ہیوی ٹریفک کو متبادل روٹ میسر آجائے گا۔ انہوں نے یہ ہدایت اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں دی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، ڈویژنل فارسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد،میونسپل آفیسر غلام عباس، اے سی جنرل علیزہ ریحان اور پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان نے بھی شرکت کی۔ کمشنر نے چیچہ وطنی فاریسٹ پارک کی اپ گریڈیشن اور وہاں شہریوں بالخصوص بچوں کی تفریح کی مزید سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو تفریح کے مواقع کی فراہمی ایک اہم قومی خدمت ہے جس کے لئے درکار وسائل مختص کئے جائیں گے۔