جدہ ، یکم اکتوبر(اے پی پی ):سعودی عرب میں خواتین کی فلاحی اور ادبی تنظیم الیٹ کلب کی دسویں سالگرہ پر رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا،جس میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔کلب کی بانی جویرہ اسد نے اس موقع پر بتایا کہ ہماری تنظیم سماجی، فلاحی اور ادبی کام انجام دیتی ہے جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی خواتین شرکت کرتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ الیٹ کلب خواتین اور بچوں کو ایک معیاری پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے ، جہاں وہ اپنی سماجی، کاروباری ، تعلیمی اور معاشرتی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
تقریب میں سعدیہ تجمل،ثّنا بتول ،شفق عمران سمیت فریال حسن، سارہ حسن ، مائرہ وقار اور ثّمینہ ہاشمی نے بطور معاون مہمان رکن تقریب میں شرکت کی ۔
کلب ممبرز حنا تنویر اور یوحی سلطانہ نے خوب صورت فیشن واک کا اہتمام کیا جس کا مرکزی خیال خواتین کو اپنی انفرادیت اور خود اعتمادی کو مضبوط کرنے پر مبنی تھا، تمام ماڈلز نے دیدہ زیب لباس زیب تن کیئے اور حاظرین سے داد وصول کی، کلب کی جانب سے ایک دلچسپ خاکہ بھی پیش کیا گیا۔
تقریب میں کلب کے سرگرم ارکان کو ان کی كاوشوں كے اعتراف میں خصوصی اعزازی ایوارڈز بھی دئیے گئے ۔