ڈیرہ غازی خان، 16 اکتوبر(اے پی پی):ڈی پی او ڈیرہ غازی خان احمد محی الدین نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے،انصاف کی فراہمی کے لیے شہریوں کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس اسٹیشن صدر کے دورے کے موقع پر کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے تھانہ کا ریکارڈ،فرنٹ ڈیسک، بلڈنگ، اسلحہ خانہ اور سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کے ساتھ سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن کی ایس او پی پر مکمل عمل درآمد کرانے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ سائلین کی داد رسی اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور تھانوں میں غیر قانونی حراست تشدد یا پولیس حراست سے فرار پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے۔ڈی پی او نے کہا کہ عوامی شکایات کے آزالے،ایف آئی آر کے بروقت اندراج عورتوں اور بچوں کے خلاف جرائم میں بلا تاخیر کاروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے حوالات میں بند ملزمان کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔