قصور؛ سموگ سے نمٹنے کیلئے کریک ڈاؤن، 14رائس ملز سیل ، 15کو وارننگ

54

قصور۔31 اکتوبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کا سموگ سے نمٹنے کیلئے کریک ڈاؤن، تحصیل چونیاں میں 14رائس ملز سیل جبکہ 15کو وارننگ نوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ آفیسر ماحولیات علی اعجازنے ”اے پی پی “کوبتایا کہ ڈپٹی کمشنرقصورمحمدارشدبھٹی کی ہدایت پر محکمہ ماحولیات کے افسران نے چونیاں، الہ آباد، دیپالپور روڈ پر سموگ کا موجب بننے والی رائس ملوں کو سیل کیا، 15رائس ملوں کو 7دن کے وارننگ نوٹس جار ی کئے۔انہوں نے بتایا کہ سیل کی گئی رائس ملوں کی چمنیوں سے دھواں اور گردوغبار اٹھ رہا ہے، اکثر رائس ملز گردو غبار سڑکوں پر پھینک رہی تھیں جو حادثات کا سبب بن رہا تھا، ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر میں سموگ کا موجب بننے والے انڈسٹریل یونٹس اور فصلوں کی باقیات کو جلانے پر دفعہ 144نافذ کر رکھی ہے۔

ڈی او ماحولیات علی اعجاز نے بتایا کہ خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، سموگ کو کنٹرول کرنے کیلئے بھرپور کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔