قصور:عالمی یوم پولیو کے سلسلہ میں آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد

7

قصور،25اکتوبر(اے پی پی):محکمہ صحت کے زیر اہتمام عالمی یوم پولیو کے سلسلہ میں سپورٹس کمپلیکس میں آگاہی سیمینار اور واک کا انعقادکیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرقصور محمد ارشد بھٹی نے  سیمینار اور واک میں  خصوصی شرکت کی۔ یوم پولیوتقریب میں محکمہ ہیلتھ اور ایجو کیشن کے درمیان رسہ کشی کا مقابلہ بھی کروایا گیا۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہمارا قومی فریضہ ہے،تمام طبقات کے لوگ پولیو کے خاتمے میں اپنا قومی کردار ادا کریں، اپنے بچوں کو جسمانی معذوری سے بچانے کیلئے پولیوکے حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیوکے لا اعلاج مرض اور عمر بھر کی معذوری سے بچاؤکے لیے پولیو کی ویکسین ہی واحد اور محفوظ طریقہ ہے، کسی بھی ملک یا معاشرے کی ترقی کا دارومدار صحت مند افراد پر منحصر ہوتا ہے، ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے قوم کے معماروں کو بیماریوں سے چھٹکارے کیلئے بروقت پولیو قطرے پلاکر اپنا قومی فریضہ ادا کرنا چاہیے۔

 اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر لئیق چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز عبدالغفار ڈوگر، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسرچوہدری اسرار احمد انجم، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اور دیگر افسران نے شرکت کی۔