اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مراکش کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور معیشت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مراکش پاکستان کے کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، پاکستان کے نامزد سفیر مراکش میں پاکستانی برآمدات بڑھانے کیلئے کام کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مراکش میں پاکستان کے نامزد سفیر محمد سمیع الرحمان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان -مراکش تعلقات مشترکہ تاریخ اور مفادات پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کو دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کیلئے اعلیٰ سطحی دوروں کے تبادلے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ملک میں سرمایہ کاری راغب کرنے کیلئے تشکیل دی گئی، مراکش پاکستان کے کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ قبل ازیں ، جنیوا میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر/مستقل نمائندے ڈاکٹر بلال احمد نے بھی صدر مملکت سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر سے کہا کہ وہ قومی مفادات اور ترجیحات کے تحفظ کیلئے اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کے مثبت تعلقات بڑھائیں ، پاکستانی صحت عامہ کے نظام کی استعداد کار بڑھانے کیلئے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ تعلقات پر توجہ دیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ لیبر کا معیار برقرار رکھنے کیلئے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ساتھ روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسلامو فوبیا ، کشمیریوں اور فلسطینی عوام کی حالت زار جیسے مسائل پر امت مسلمہ کی آواز کو پیش کرنے کی ضرورت ہے ، نامزد سفیر بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرنے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے آپنا کردار ادا کریں۔ صدر مملکت نے نامزد سفراء کی مستقبل کی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔