خانیوال، 30 اکتوبر (اے پی پی):معروف عالم دین مبلغ اسلام مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، مولانا طارق جمیل نے نماز جنازہ خود پڑھائی، نماز جنازہ میں امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق، مخدوم جاوید ہاشمی، سابق ایم این اےپیر اسلم بودلہ، سابق ایم پی اے عامر حیات، رانا سلیم، بابر چاپانی، آر پی او ملتان سہیل چوہدری، ایڈیشنل سیکرٹری ساؤتھ سمیت اعلیٰ انتظامی افسران اور سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع خطاب کرتے ہوئے مولانا طارق جمیل نے کہا کہ جوان بیٹے کا صدمہ بہت بڑا صدمہ ہے ،بیٹے کے جنازے میں شرکت کرنے پر عوام کا بہت شکرگزار ہوں، انہوں نےمزید کہا کہ میرا بیٹا بہت نیک اور پیارا تھا، ہم اللہ کی رضا پر راضی ہیں، ہمیں پتہ ہے زندگی کا دھاگہ ایک دن ٹوٹے گا ،میں اللہ کا شکر گزار ہوں اور اتنا بڑا اجتماع دیکھ کر مجھے حوصلہ ہواہے،ہمیں آخرت کی تیاری کرنی چائیے، اگر اللہ راضی ہے تو موت خوبصورت تحفہ ہے اور ایک دوسرے کو معاف کرنا سیکھیں۔ مولانا طارق جمیل نے کہا کہ میرا بیٹا بیماری کی وجہ سے پریشان رہتا تھا اور اکثر کہتا تھا بابا میں اللہ سے ملوں گا۔ آخر میں مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔