ملتان؛افسران سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کےلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں، محمدفاروق ڈوگر

26

ملتان،24 اکتوبر (اے پی پی):ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈینیشن جنوبی پنجاب نے کہا ہے کہ افسران  سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کےلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کریں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو اے سی ایس ساؤتھ پنجاب آفس کے کمیٹی روم میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں شرکاء نے جنوبی پنجاب کے سرکاری محکموں کے پنشن کیسز، ملازمین کےخلاف انکوائریز  اور  پنک ٹائلٹس منصوبے سمیت مختلف امور کا جائزہ  لیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد فاروق ڈوگر نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود محکموں کی ذمہ داری ہے،افسران سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کےلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں۔انہوں نے   کہا کہ ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین کے پنشن پیپرز بروقت تیار کئے جائیں،حکومت نے پنشن کے تیز ترین اجرا کے لئے سخت احکامات جاری کیے ہیں۔ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈینیشن نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے خلاف انکوائریوں کو زیر التوا نہ ر کھیں،انتظامی محکموں  کے تمام ملازمین کے خلاف جاری انکوائریوں کا مکمل ڈیٹا فراہم کیا جائے۔انہوں نے  کہا کہ ورکنگ وومن کے لئےسرکاری دفاتر  میں پنک ٹائلٹس کے منصوبے کو 9 نومبر تک مکمل کیا جائے،  اس  منصوبے کی تکمیل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی،محکمہ لوکل گورنمنٹ ویسٹ منیجمنٹ کمپنیوں کے دفاتر میں بھی پنک ٹائلٹس کی تعمیر یقینی بنائے۔

اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تمام محکموں کے فوکل پرسنز نے شرکت کی۔ایڈیشنل سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ قمرالزمان قیصرانی اور ایڈیشنل سیکرٹری ہائرایجوکیشن طارق محمود اعوان بھی اجلاس میں موجود تھے جبکہ ڈپٹی سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب نئیر مصطفیٰ بہاولپور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔