مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر قیادت علماء کرام کے وفد کی فلسطینی سفارت خانہ آمد ، اسرائیلی دہشت گردی، انسانی سوزاورظالمانہ حملوں کی مذمت

61

اسلام آباد، 18اکتوبر (اے پی پی ): چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان،خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید عبدالخبیر آزاد کی زیر قیادت تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام کی فلسطینی سفارت خانہ آمد ،وفد نے فلسطینی سفیر احمد جواد رابی کے ساتھ ملاقات میں فلسطین و غزہ پر اسرائیلی دہشت گردی، انسانی سوزاورظالمانہ حملوں کی مذمت کی۔

اس موقع پر چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان،خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ  اسرائیل نے ظلم وبربریت،دہشت گردی اور درندگی کی انتہاء کر دی ہے، عالمی برادری اسرائیلی دہشت گردی کو روکنے کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے، اب وقت آگیا ہے کہ پوری دنیا متحد ہوکر اسرائیلی فوج کے مظالم کے خلاف میدان میں آئے۔

مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ او آئی سی،اقوام متحدہ، قبلہ اوّل اور فلسطین کی آزادی اور آزاد ریاست کے حوالے سے فیصلہ کروائے تاکہ اس پورے خطے میں امن قائم ہو سکے، اقوام متحدہ مؤثر قرارداد اور قانون سازی کے ذریعے فلسطینیوں پر وحشیانہ مظالم کو روکنے کا مؤثر انتظام کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطین اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی حمایت جاری رکھے گا۔

مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان اورسپہ سالار جنرل عاصم منیر کا فلسطین و غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مؤقف پوری ملت اسلامیہ کی ترجمانی ہے۔

علماء کرام  نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی اوراخلاقی حمایت حاصل ہوگی،آرمی چیف کے بیان نے پاکستانی قوم کے دل جیت لیے،غزہ کے مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے مظالم بھلائے نہیں جا سکتے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین و غزہ کے مسلمانوں کے لئے پاکستانی عوام الناس،تاجر اور علماء کرام ہر طرح کی مدد کے لئے تیار ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر میں فلسطین اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی،عالم اسلام کے اتحاد اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔