مٹیاری ،27 اکتوبر (اے پی پی): کشمیریوں پر بھارتی ظلم اور بربریت کے خلاف ضلع مٹیاری میں نکالی گئی ریلیوں میں شریک عوام نے اقوام متحدہ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نہتے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے خاتمے کے لئے آواز اٹھائیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو آزادی کا حق دیا جائے۔
ریلیوں میں فلسطین بالخصوص غزہ پر اسرائیلی جارحیت، نہتے بچوں، عورتوں کے قتل، اسکولوں، اسپتالوں اور صحافیوں کے خاندانوں کو نشانہ بنانے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی گئی۔
اس ضمن میں مرکزی ریلی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نور احمد کھہروکی قیادت میں تعلقہ اسپتال سے مٹیاری پریس کلب تک نکالی گئی۔ جس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر سلیم شیخ، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر نظیر ملاح، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد صابر کاکا، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبدالستار شیخ، ایم ایس ڈاکٹر زاہد شیخ، ٹاؤن افسر اسرار حیدر میمن، ڈاکٹر زاہد صدر، ایجوکیشن افسر قاضی شعیب سمیت مختلف محکموں کے افسران و عملے نے شرکت کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نور احمد کھہرو کا کہنا تھا کہ یوم سیاہ منانے کا مقصد نہتے کشمیریوں پر بھارتی ریاستی مظالم کو بے نقاب کرنا ہے تاکہ کشمیری بھائیوں کو جینے اور آزادی کا بنیادی حق دلایا جاسکے۔ پاکستان کا عوام کشمیری بھائیوں کی جانب سے جاری جدوجہد آزادی میں شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر ہالا عابد قمر اور اسسٹنٹ کمشنر سعیدآباد سعود خان لوند کی سربراہی میں تعلقہ سطح پر ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں بھارت اور اسرائیل کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔