بیجنگ،17اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے عالمی رہنمائوں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم صدر شی جن پنگ کی جانب سے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شریک عالمی رہنمائوں کیلئے دیئے گئے عشائیے میں شرکت کیلئے گریٹ ہال آف پیپلز پہنچے جہاں چینی صدر شی جن پنگ اور خاتون اول پانگ لی یوان نے نگراں وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ نگراں وفاقی کابینہ کے وزراء نے بھی نگراں وزیراعظم کے ساتھ عشائیے میں شرکت کی۔گریٹ ہال آف پیپلز میں منعقدہ اس عشائیے میں روس، کینیا، ایتھوپیا، منگولیا، ہنگری، سری لنکا، قزاقستان، ازبکستان، پاپوا نیو گنی، موزمبیق، چلی اور دیگر عالمی رہنمائوں نے شرکت کی۔نگراں وزیراعظم نے عشائیے میں شریک دیگر عالمی رہنمائوں سے غیررسمی ملاقاتیں بھی کیں۔