ٹنڈو محمد خان؛18 اکتوبر سانحہ کار ساز کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی تقریب کا انعقاد

22

ٹنڈو محمد خان،18اکتوبر( اے پی پی ): 18 اکتوبر سانحہ کارساز کے حوالے سے سومرا ہاوس ٹنڈومحمدخان میں تقریب منعقد ہوئی، تقریب سے خطاب کے دوران پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر سید اعجاز بخاری نے کہا کہ 18 اکتوبر کو محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے مشن کو روکنے کے لیے شب خون مارا، لیکن سانحہ کارساز واقعہ بھی شہید رانی کے مشن کو نہیں روک سکا۔

 جنرل سیکرٹری خرم کریم سومرو نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے، پیپلزپارٹی کے قائدین نے عوام کے لیے اپنی جانیں تک قربان کر دیں، پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کے اگلے وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہونگے۔

 تقریب میں سانحہ کارساز کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، قبل ازیں تقریب میں موجود شرکاءنے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا خطاب سنا، تقریب سے میونسپل کمیٹی ٹنڈومحمدخان کے چیئرمین سید شاہنواز شاہ، وائس چیئرمین عبدالکریم شیخ، سید صلال شاہ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ضلع بھر کی یونین کونسلز، ٹاون کمیٹز سمیت پارٹی عہدیداران و کارکنان نے کثیر تعداد میں موجود ہیں۔