پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، نگران وزیرمواصلات  شاہد اشرف تارڑ  

24

اسلام آباد،23اکتوبر  (اے پی پی):نگران وزیر برائے مواصلات، ریلویز اور سمندری امورشاہد اشرف تارڑ سے پاکستان میں تعینات فرانس کے سفیر نکولیس گیلے  نے ملاقات کی۔ ملاقات  میں دو طرفہ دلچسپی کے امور بارے گفتگو ہوئی۔

  نگران وزیر نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے   مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں فرانسیسی سرمایہ کاروں کے لئے سنہری مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکھر- حیدرآباد موٹروے(M-6 )فرانسیسی سرمایہ کاری کے لئے بہترین موقع ہے۔ اسی طرح پاکستان ریلوے افغانستان کے ساتھ رابطے کے لیے کوہاٹ سے خرلاچی تک روٹ بنانے کے لیے کوشاں ہے جس سے فرانس بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

 فرانسیسی سفیر  نے کہا کہ فرانس اور پاکستان کے تعلقات اور باہمی تعاون کی  طویل  تاریخ ہے۔ فرانسیسی سرمایہ کار پاکستانی منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔ فرانسیسی ریل ٹرانسپورٹ کمپنی السٹوم پاکستان میں  کام کر رہی ہے اور یہ مزید سرمایہ کاری کی طرف ایک قدم ہے۔ہم اپنے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری لا نے کی ترغیب دیں  گے۔

نگران وزیر نے مزید  کہا کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن بھی اپنے دائرہ کار کو وسعت دے رہی ہے اور وہاں بھی سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ پاکستان میں  جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے اور ملک کا مستقبل روشن ہے۔