بیجنگ،19اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار اور جامع ترقی کے وژن اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل غیرملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی، چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زراعت، قابل تجدید توانائی، ٹیکسٹائل، ڈیجیٹل معیشت اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم (بی آر ایف) کے موقع پر مختلف چینی کمپنیوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں من میٹلز، ایم سی سی، چائینہ کمیونیکیشن کنسٹرکشن کمپنی (سی سی سی سی)، چائینہ روڈ اینڈ برج کارپوریشن (سی آر بی سی)، سی او ایف سی او، امر انٹرنیشنل گروپ، پاور چائینہ، چائینہ انرجی اور چائینہ گیزوبا گروپ کے چیف ایگزیکٹو افسران اور سربراہان شامل تھے۔ وزیراعظم نے چینی کاروباری شخصیات کو معاشی و مالیاتی استحکام کے لیے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے پائیدار اور جامع ترقی کے لیے پاکستان کے وژن کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جس کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو غیرملکی سرمایہ کاری میں سہولت کے لیے ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔ وزیراعظم نے چین کے کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے کہا کہ وہ پاکستان میں آئی سی ٹی، زراعت، قابل تجدید توانائی، ٹیکسٹائل، ڈیجیٹل معیشت، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ اس موقع پر چین کی کاروباری شخصیات نے غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیراعظم کو پاکستان میں اپنے کاروبار سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے کاروباری شراکت داروں کے ساتھ مل کر پاکستان میں کام کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کے ایگزیکٹوز کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور انہیں کہا کہ وہ متعلقہ وزراء کے ساتھ اپنے کاروباری معاملات سے متعلق تبادلہ خیال کریں۔