ڈیرہ غازی خان، 16 اکتوبر (اے پی پی): حکومت پنجاب کی ہدایت پر رکھ ترنمن تونسہ میں محکمہ جنگلات کے وسیع رقبہ کو قابضین سے واگزار کرا لیا گیا، فصلیں کاٹنے کے علاوہ تعمیرات مسمار کردی گئیں۔
اس حوالے سے ڈویژنل فاریسٹ آفیسرڈیرہ غازی خان سید قیصر عباس نے بتایا کہ رکھ ترنمن جنگل تونسہ شریف کا رقبہ محکمہ ریونیو اور پولیس کی مدد سے واگزار کرالیا گیا ہے، آپریشن میں بھاری مشینری استعمال کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کی زمینوں پر ناجائز قبضہ اور درختوں کی کٹائی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سید قیصر عباس نے کہا کہ محکمہ جنگلات کی زمین کو واگزار کرانے کے لئے قابضین کو متعدد بار نوٹس دئیے گئے تاہم انہوں نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا،جس پر محکمہ ریونیو پنجاب اور متعلقہ پولیس کی مدد سے زمین واگزار کرا لی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہم دونوں محکموں پولیس اور ریونیو کے تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں۔
اس موقع پر محکمہ جنگلات کے ایس ڈی او مہر مجیب الرحمٰن ، رینج فاریسٹ آفیسر تونسہ عرفان اسلم قیصرانی اور بلاک آفیسر غلام دستگیر موقع پر موجود تھے۔