ڈیرہ غازی خان،24 اکتوبر(اے پی پی):گھڑ سواری کے شوقین شہریوں کے لیے ڈیرہ غازی خان پولیس کی طرف سے تربیتی کورسز کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان ڈیرہ غازی خان پولیس نے اے پی پی کو بتایا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن کے مطابق پولیس کی جانب سے شہریوں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور شہریوں کے لیے ڈیرہ غازی خان پولیس لائنز میں ہارس رائیڈنگ کورس کا سلسلہ جاری ہے،شہری اس میں گہری دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گھڑ سواری کے اس تربیتی کورس میں تمام شہری مرد و خواتین کے علاوہ بچے بھی داخلہ لے رہے ہیں اور اس کے لیے پولیس کی طرف سے صرف 5ہزار روپے ماہانہ فیس مقرر کی گئی ہے۔انہوں کہا کہ کورسز میں شرکاء کے لیے پولیس لائنز میں شہریوں کی سہولت کے لیے صبح اور شام کے اوقات الگ الگ کلاسز اور گھڑ سواری کی تربیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے پولیس کے پاس اعلیٰ نسل کے 10گھوڑے دستیاب ہیں اور شہری مزید معلومات و داخلے کے لیے موبائل نمبر 03358852002 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔