کپاس کی مثالی پیداوار  معیشت کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کرےگی؛ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب

48

ملتان، 31اکتوبر(اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب ایک ذرخیرز خطہ ہے اور فوڈ سیکیورٹی کے حوالے سے اس کی بہت اہمیت ہے، رواں برس حکومت کی کوششوں سے خطے میں کپاس کی کاشت کا دور واپس لوٹ آیا ہے اور کپاس کی یہ مثالی پیداوار ملک کی معیشت کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرےگی۔

وہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے دورے پر آئے ہوئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ اسلام آباد میں زیر تربیت 38 ویں کورس کے افسران سے خطاب کررہے تھے۔کیپٹن(ر) ثاقب نثار نے کہا کہ  پاکستان کی 70 فیصد کپاس صوبہ پنجاب پیدا کرتا ہے جس میں 94 فیصد حصہ جنوبی پنجاب کا ہے جبکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ خطے میں زراعت سے وابستہ صنعتوں کے فروغ کے لئے اقدامات کررہا ہے اور اس سلسلے میں سی پیک کے تحت انڈسٹریل زون قائم کرنے کے لئے زمین مختص کردی گئی ہے۔

 ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں کارپورٹ ایگری فارمنگ اور ڈیری فارمنگ کے منصوبوں بارے پیپر ورک جاری ہے اور حکومت غیر آباد زمینوں کو آباد کرنے کے پلان پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے بتایا کہ چولستان میں مصنوعی بارشیں برسانے  کےلئے آسٹریلیا کی کمپنی سے ایم او یو پر دستخط ہوچکے ہیں اور مصنوعی بارش برسانے کا مظاہرہ جلد کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ چولستان میں لائیوسٹاک کے شعبے کو فروغ دینے کے لئے بے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔

 ایڈیشنل چیف سیکرٹری  نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے اس خطے کو تعمیر ترقی کی نئی شاہراہ پر گامزن کردیا ہے اور  یہاں کا ترقیاتی فنڈ جنوبی پنجاب کے ایک ضلع سے دوسرے ضلع تو منتقل کیا جاسکتا ہے لیکن اسے  خطے سے باہر منتقل نہیں کیا جاسکتا۔

کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے بتایا کہ جنوبی پنجاب اپنی تاریخ ، تہذیب، ادب اور ثقافت کے حوالے سے منفرد مقام رکھتا ہے اور

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ انفرا سٹرکچر کی ترقی کے علاوہ اس ایریا کے ادب و ثقافت اور کھیلوں کی ترویج کے لئے بھی کوشاں ہے، اس حوالے سے ملتان میں ادبی و ثقافتی کانفرنس اور بہاولپور میں کشتی رانی کے کھیلوں کا انعقاد اس کی روشن مثالیں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کی آبادی 3کروڑ 47 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے اور خطے سے  غربت کے خاتمے کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے تیار کردہ شفارشات پر عمل کیا جارہا ہے۔

 کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں سیاحت کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور اس سلسلے میں بہاولپور ڈویژن میں واقع تمام تاریخی محلات کو اصل حالت میں بحال کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی بارے مزید بتایا کہ ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز اداروں کی مانیٹرنگ کے ذریعے گڈ گورنس اور سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے وفد  کو یادگاری شیلڈ دی جبکہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ کی جانب سے  ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو سونئیر  پیش کیا گیا۔

سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل،سیکرٹری سروسز انجینئیر امجد شعیب خان ترین اور ڈائریکٹر سٹاف نمز محمدعمران بھی اس موقع پر موجود تھے۔