پیر محل،27 اکتوبر(اے پی پی ): یوم سیاہ کے موقع پر کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی قبضے کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں۔ اس سلسلے میں مرکزی تقریب ضلع کونسل ٹوبہ ٹیک سنگھ اور میونسپل کمیٹی پیرمحل میں منعقد ہوئی جس میں شرکاء نے جدوجہد آزادی کشمیر کے حوالے سے نعرے لگائے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ندیم بلوچ نے کہا کہ 27اکتوبر 1947ء کا دن انسانی تاریخ کا سیاہ دن ہے جو دنیا بھر میں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و بربریت کی شدید مذمت سمیت اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر ان کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔