دورہ آسٹریلیا کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کی تیاریاں مکمل ہیں؛ کپتان شان مسعود

67

اسلام آباد،29 نومبر(اے پی پی ): پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ دورہ آسٹریلیا کیلئے قومی ٹیم کی تیاریاں مکمل ہیں، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز ہوچکا ہے اور ہمارا ٹارگٹ ہے کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اچھا پرفارم کر کہ فائنل تک رسائٹ کو یقینی بنایا جائے۔

بدھ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان شان مسعود نے کہا کہ راولپنڈی پریکٹس کے دوران سکواڈ میں شامل 18 کھلاڑیوں کے علاوہ باؤلرز اور پلیرز کو بلایا گیا ہے، اور تیاریاں کی گئیں اس کے ساتھ ساتھ لوکل کوچز کی رہنمائی بھی ملی۔انکا مزید کہنا تھا کہ قومی ٹیم کو بطور گروپ پریکٹس کا اچھا موقع ملا ہماری کوشش ہے کہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوں اور ایک مثبت کھیل پیش کر کے واپس آئیں۔

ایک سوال کے جواب پر کپتان شان مسعودکا کہنا تھا کہ ٹیم میں واپسی میں ڈیڑھ سال لگا ، فرسٹ کلاس میچز میں پرفارم کر کہ ٹیم میں جگہ بنائی ہے، صرف 9 ٹیسٹ میچز کو لے کر میری کارکردگی پر سوال اٹھانا زیادتی ہوگی۔ انکا کہنا تھا کہ اپنی ڈومیسٹک کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، حالیہ فارم کے ساتھ آسڑیلیا جارہا ہوں اور کوشش ہوگی کہ پاکستانی ٹیم کے لئے بڑے سکور کر سکوں۔