رحیم یار خان،20 نومبر( اے پی پی ): تحصیل خانپور کے نواحی قصبہ خورشید آباد کے پرائمری سکول میں پانچ سالہ طالبعلم کے جھلسنے کا واقعہ کا نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نوٹس لے لیا اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر نگران صوبائی وزیر تعلیم پنجاب منصور قادر خانپور پہنچے ، وزیر تعلیم سکول میں جھلسنے والے پانچ سالہ طالبعلم عبدالہادی کے گھر گئے،جہاں انہوں نے معصوم بچے کی عیادت اور ورثاءسے ملاقات کی علاوہ ازیں وزیر تعلیم پنجاب کی گورنمنٹ پرائمری سکول خورشید آباد خانپوربھی گئے جہاں انہوں نے سکول کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اساتذہ اور اہل علاقہ سے ملاقات کی۔
انہوں نے اس دوران کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سکول میں طالبعلم کے جھلسنے کا سخت نوٹس لیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر میں آپ کی عیادت کے لیے حاضر ہوا ہوں، سکول میں آگ لگانے اور طالبعلم کے جھلسنے کی مکمل اور شفاف انکوائری کرائی جائے گی۔
صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اعلیٰ تحقیقاتی ٹیم سکول پہنچ رہی ہے، تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ پر ذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی، انہوں نے ہدایت کی کہ متاثرہ طالبعلم کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر طالبعلم کو ہسپتال منتقل کرتے ہوئے ورثاءکو بھی سہولیات فراہم کریں،ڈپٹی کمشنر متاثرہ بچے کے علاج معالجہ کو براہِ راست مانیٹر کریں۔