ساہیوال،21 نومبر(اے پی پی ): پسپ پروگرام کے تحت ساہیوال کے باسیوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جس کے تحت شہر میں 28نئے ٹیوب ویلز اور10واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے جا رہے ہیں جبکہ پہلے سے موجود ٹیوب ویلز اور فلٹریشن پلانٹس کی مرمت کر کے ان کی صلاحیت بھی بڑھائی جا ری ہے، نئے ٹیوب ویلز کو ٹھیک کرنے کا کام مرحلہ وار دسمبر کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
یہ بات سٹی مینیجر پسپ محمد اسجد خان نے کمشنر آفس میں ہونے والے میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں بتائی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدنے کی۔
انہوں نے بتایا کہ نئے اوور ہیڈ ریزروائر بٹالہ سکول، مدینہ مسجد، محلہ نور پارک اور غلہ منڈی میں تعمیر کئے جا رہے ہیں جن میں سے3کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ بٹالہ سکول کا ریزروائر دسمبر کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اسی طرح 21نئے ٹیوب ویلز میں سے8ٹیوب ویلز (گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی، ہائی وے کالونی، پائلٹ گرلز سکول، مدینہ مسجد، محلہ نور پارک، پیربخاری قبرستان اور غلہ منڈی) بھی ٹھیک ہو چکے ہیں جبکہ باقی تمام ٹیوب ویلز دسمبر کے آخر تک مکمل ہو جائیں گے۔
کمشنر نے گھروں کو کنکشن دینے کے کام میں تیزی لانے اور اسے بھی ٹیوب ویلز کی تنصیب کے ساتھ ہی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ساہیوال بائی پاس فیز ٹو کے جاری تعمیراتی کام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور ایکسین ہائی وے میاں افتخار احمد کو سختی سے ہدایت کی کہ سڑک کی تکمیل کی تمام ٹائم لائنز پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ بائی پاس کی تعمیر جلد مکمل کرکے اسے ٹریفک کے لئے کھولا جا سکے۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ زیب، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔