ٹنڈومحمدخان، 06 نومبر (اے پی پی): سابق وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ 8 فروری کو ملک میں عام انتخابات ہونگے اگر اب بھی انتخابات سے فرار کا راستہ اختیار کیا گیا تو انتہائی خطرناک عمل ہوگا،پیپلزپارٹی کا واضح موقف ہے کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتیں حصہ لیں، شفاف الیکشن ہی ملک کے لیے بہتر ہے، ماضی میں بیرونی مداخلت کے باعث ملک کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کو یہاں پیپلز پارٹی کے کونسلر رضا محمد خاصخیلی سے ان کے والد کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ سید نوید قمر کا کہنا کہ 8 فروری کو ملک میں عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں ، الیکشن میں فیصلے کا حق عوام کو ملنا چاہیے جس پارٹی کو عوام جتنا حصہ دیتی ہے اس کو ملنا چاہیے۔
سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا واضح موقف ہے الیکشن کی شفافیت کے لئے ضروری ہے کہ تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کا موقع ملنا چاہیے، تحریک انصاف سمیت کسی بھی جماعت کو الیکشن سے دور رکھنا جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے، تاہم جو نو مئی کے واقعات میں ملوث ہیں ان کو چھوڑ کر سب کو الیکشن میں حصہ لینے کا موقع ملنا چاہئے۔
الیکشن میں جوڈیشری کے آراوز مقرری کے حوالے سے سید نوید قمر نے کہا کہ ہم نے آر اوز کے الیکشن بھی دیکھے ہیں اور جوڈیشری کے بھی شکایت ہمیں دونوں سے ہے، اگر نوازشریف کو جعلی عوامی مینڈیٹ سے لایا گیا تو یہ ملک کے لیے تباہ کن ہوگا۔
فلسطین کی صورت حال کے حوالے سے سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ تمام ملکوں کے حکمرانوں کے اپنے مفاد ہوتے ہیں، جنگیں کرنے کی صلاحیت اب ان میں نہیں رہی، امریکہ نے اسرائیل کو دفاعی اور معاشی طور پر اتنا مضبوط کردیا ہے وہ کتنے بھی وحشیانہ اقدامات کریں امریکہ ان کے ساتھ کھڑا ہے، دوسرے ممالک پر یہی اثر ظاہر ہوتا ہے کہ آپ اس حد تک جا سکتے ہیں، اسرائیل زبردستی فلسطین پر قبضہ نہیں کرسکتے ہے۔
آئندہ کے وزیراعظم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ملک کے اگلے وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہونگے۔