اوکاڑہ؛بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں جاری، 114 مقدمات درج

9

اوکاڑہ،08نومبر(اے پی پی):  بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں،حویلی لکھا میں لیسکو اربن سب ڈویژن کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اب تک 114 بجلی چوری کے مقدمات درج کروائے گئے ہیں اور متعدد ملزمان کو گرفتار کروایا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار ایس ڈی او رورل اربن سب ڈویژن حمزہ خلیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بجلی چور مبینہ طور پر براہ راست کنڈے لگا کراور بجلی کے میٹر میں چھیڑ چھاڑ کرکے لیسکو کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کریک ڈاؤن کے دوران درجنوں ٹرانسفارمر اتار کرکروڑوں روپے کی واپسی کی جاچکی ہے۔

ایس ڈی او واپڈا انجینئر حمزہ خلیل نے کہا کہ حویلی لکھا میں مبینہ طور پر جن علاقوں میں بجلی چوری ابھی تک ہو رہی ہے وہاں حکام بالا کی ہدایت پر بارہ بارہ گھنٹے بجلی بند ہو رہی ہے۔انہوں نے پیغام دیا ہے کہ بجلی چوری چھوڑ دیں یا پھرعلاقہ چھوڑ دیں،بجلی چور خواہ کتنا بااثر کیوں نہ ہو قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتا۔