اوکاڑہ: علامہ اقبال کے افکار کو صدق دل سے اختیار کریں تو دنیا میں ممتاز مقام حاصل کرسکتے ہیں

5

اوکاڑہ،14نومبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کے افکار کو صدق دل سے اختیار کریں تو دنیا میں ممتاز مقام حاصل کرسکتے ہیں علم کا حصول اور عمل کا تسلسل اقبال کے بنیادی افکارہیں ۔ علامہ اقبال کے فلسفہ خودی کو رہنما بناتے ہوئے وطن عزیز کو تیزرفتار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا پختہ عزم کرنا ہوگا یہی اقبال کا خواب تھا جسے شبانہ روز محنت کے ذریعے پورا کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بطور مہمان خصوصی گورنمنٹ گرلز جونیئر ماڈل ہائی سکول میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام ضلع لیول ایلیمنٹری و سیکنڈری تقاریر، کلام اقبال،بیت بازی اور کوئز مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے سکولوں کے طلباو طالبات کو انعامات تقسیم کرنےکے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین قرار دیا ہے جنہیں اقبال کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے جس میں خوشحال مستقبل کا راز بھی مضمر ہے۔ڈپٹی کمشنر نےطالب علموں کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور تقریب کے شاندارانعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ آنے والی نسل کے ٹیلنٹ کو پالش کرنےکے لئے سرکاری ونجی سکولوں میں علامہ اقبال کی زندگی،تحریک پاکستان اور ٹیلنٹ ہنٹ کے مقابلہ جات کروائے جائیں تا کہ طلبہ کے ٹیلنٹ کو سامنےلایا جا سکے۔

تقریب کے مہمان اعزاز پروفیسر ڈاکٹر حسن رضا اقبالی نے کہا کہ حکیم الامت علامہ محمد اقبال وہ عظیم مفکرتھے جنہوں نے پاکستان کا تصور پیش کرکے برصغیر کے مسلمانوں میں ایک با وقارقوم کی حیثیت سے جینے کی نئی امنگ پیدا کی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی وزیراحمد آغانےیوم اقبال کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ”مفکر پاکستان نے شاہین کے تصور اور خودی کا فلسفہ پیش کیا، فرقہ واریت، نظریاتی انتہا پسندی اور نئے اجتماعی گروہوں کی تشکیل جیسے معاملات پر اقبال کی سوچ آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

تقریب میں گورنمنٹ گرلزماڈل ہائی سکول کی طالبات نے سکول کی مایہ نازٹیچر نیئرسلطانہ کے ہمراہ کلام اقبال کو ترنم کے ساتھ پیش کیا۔تقریب میں نقابت کے فرائض گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول کے ایس ایس ٹی ندیم اصغر نے ادا کئے۔

تقریب میں ایڈیشنل  ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین، گورنمنٹ ہائی سکول اشرف المدارس کے پرنسپل اسرار حسین اور ڈپٹی ڈی سی او عابد حسین، محکمہ تعلیم کے افسران اساتذہ کرام  طلبہ طالبات اور صحافیوں نے شرکت کی۔