بورے والا،11نومبر (اے پی پی): سی آئی اے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات سمگلر کو لاکھوں روپے مالیت کی 5 کلو ہیروئین سمیت گرفتار کرلیا ہے۔
انچارج سی آئی اے پولیس بورے والا ملک محمد زمان نے ڈی پی او وہاڑی عیسی خاں سکھیرا کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ گگومنڈی عدنان ٹیپو کے ہمراہ خفیہ اطلاع کی روشنی میں بورے والا کے داخلی رستہ اڈا رسول پور پر ناکہ لگا کر پشاور سے لاکھوں روپے مالیت کی ہیروئین سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے منشیات سمگل کرنے والے بین الصوبائی گروہ کے رکن اسرافیل رحمان کو لاکھوں روپے مالیت کی 5 کلو ہیروئن سمیت گرفتار کرکے اسکے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد جیل بھیج دیا ہے ۔
کارروائی پر ڈی پی او وہاڑی عیسی خاں سکھیرا نے کہا کہ ضلع وہاڑی میں منشیات فروشوں کر گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے اور تمام منشیات ڈیلرز کے خلاف خفیہ معلومات پر کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو چاہیئے کہ وہ اپنے ارد گرد ہونے والے اس مکروہ دھندہ کرنے والوں کی نشاندہی کرکے ضلع کو منشیات سے پاک کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔