تھرپارکر،20 نومبر(اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ تھرپارکر کے تعاون سے محکمہ سماجی بہبود تھرپارکر کے بینر تلے سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کے تحت بچوں کے عالمی دن کے موقع پر گورنمنٹ ہائی اسکول مٹھی سے کشمیر چوک تک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا ہے۔
آگاہی واک کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر کیلاش کر رہے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہر سال 20 نومبر کو پوری دنیا میں بچوں کے حقوق کا عالمی دن منایا جاتا ہے، اسی مناسبت سے آج کی واک کا اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے ہمارے مستقبل کے معمار ہیں انہیں ذہنی و جسمانی طور پر مستحکم کرنے اس کے لیے ضروری ہے کہ اُنھیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے، بچوں کو تعلیم اور کھیل کود کے مواقع فراہم کر کے اُنھیں انتہاپسندی اور منشیات سے روکنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بچوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے چائلڈ ہیلپ لائن 1121 قائم کی گئی ہے جس پر کال کر کے مسائل کے حل کے لیے شکایات درج کروائی جا سکتی ہے۔
اس موقع پر واک میں موجود شرکاء کی جانب سے بچوں کو درپیش مشکلات کی نشاندہی کی گئی اور حکام کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے ضمن میں تمام تر ضروری اقدامات اٹھانے کی کوششیں کی جائیں گی۔
واک میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات محمد یعقوب بھٹی، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر مٹھی مہش کمار ، گورنمنٹ ہائی اسکول مٹھی کے ہیڈ ماسٹر انور ساہڑ اور سرکاری افسران، این جی اوز اور میڈیا کے نمائندوں سمیت اسکول کے بچوں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔