ساہیوال، 14 نومبر( ا ے پی پی ): پسپ پروگرام کے مطابق شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور28نئے ٹیوب ویلز کی تعمیر کے ہدف میں سے24ٹیوب ویل لگائے جا چکے ہیں جبکہ 43 ہزار کنکشنز میں سے 34ہزار کنکشنز گھروں تک پہنچائے بھی جا چکے ہیں۔
یہ بات سٹی مینجر پسپ محمد اسجدخان نے کمشنر آفس میں ہونے والے اجلاس میں بتائی جس میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی ۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 3ارب روپے کی خطیر رقم سے مکمل ہونے والے اس منصوبے کے تحت شہر میں 4اوور ہیڈ ٹینکیاں بھی تعمیر کی جا رہی ہیں جبکہ پہلے سے لگائے گئے45ٹیوب ویلز میں سے29کی مرمت بھی کی جا چکی ہے، کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ہدایت پر واٹر سپلائی کے منصوبے میں یونین کونسل نمبر1اور2کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔
سٹی مینجر محمد اسجد خان نے مزید بتایا کہ تعمیر کئے گئے 24ٹیوب ویلز میں سے21ٹیوب ویلز کو بجلی بھی فراہم کر دی گئی ہے اور اب انہیں مرحلہ وار فنگشنل کیا جائے گا جبکہ3ٹیوب ویلز کی تنصیب کے لئے ابھی تک جگہ مختص نہیں کی جا سکی ہے۔
کمشنر شعیب اقبال سید نے واٹر سپلائی منصوبے کی تیزی سے تنصیب پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جاری کام کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کو ترغیب دی جائے کہ وہ واٹر سپلائی کنکشن بھی حاصل کریں۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ زیب، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔