ساہیوال،20نومبر (اے پی پی ):کمشنر شعیب اقبال سید کی خصوصی ہدایت پر فرید ٹاؤن روڈ کی تعمیر نو کا کام شروع کر دیا گیا ہے جو ایک ہفتے میں مکمل ہو جائے گا، سڑک پر اسفالٹ بدھ سے شروع ہو جائے گی۔
یہ بات کمشنر آفس میں منعقد پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی جس کی صدارت کمشنر شعیب اقبال سید نے کی۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ ہائی سٹریٹ روڈ اور علامہ اقبال روڈ پر اسفالٹ کے پہلے کوٹ کے بعد مین ہولز کی تعمیر نو اور الیکٹرک پولز لگانے کا کام جاری ہے جبکہ ہائی سٹریٹ پر آنے والے تمام چوکوں کی ری ماڈلنگ بھی کی جا رہی ہے۔
کمشنر شعیب اقبال سید نے مڈھالی روڈ پر ایک ہاﺅسنگ سوسائٹی کی طرف سے سیوریج کا پانی سڑک پر ڈالنے کا سخت نوٹس لیا اور مذکورہ کالونی مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے شہر سے تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کی سست روی کااظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر کو آرڈینیشن شفیق احمد ڈوگر کو تجاوزات کے خلاف مہم کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی –