ساہیوال،21 نومبر (اے پی پی): کمشنر شعیب اقبال سید نے 27نومبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ صحت کی فیلڈ ٹیموں پر زور دیا ہے کہ مہم کے دوران کوئی بچہ پولیو قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔
اپنے دفتر میں پولیو مہم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے معاشرے کے بااثر طبقات خصوصاً والدین، اساتذہ اور علماء کرام پر زور دیا کہ وہ اس قومی مہم میں فیلڈ ٹیموں کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ 5سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو جیسی مہلک بیماری سے محفوظ رکھا جا سکے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 27نومبر سے3دسمبر تک جاری رہنے والی اس مہم کے دوران ساہیوال ڈویژن میں 15لاکھ43ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے جن میں سے5لاکھ24ہزار ضلع ساہیوال، 6لاکھ 36ہزار ضلع اوکاڑہ اور 3لاکھ 83ہزار ضلع پاک پتن میں ہیں جن کے لئے 7653افراد پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں۔
کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز پر زور دیا کہ وہ ذاتی طور پر مہم کی مانیٹرنگ کریں اور ٹیموں کو ضروری تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے تمام بس اڈوں، ریلوے سٹیشنز اور ٹول پلازوں پر بھی موبائل ٹیمیں تعینات کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اکرام الحق، ڈاکٹر ذیشان حنیف، سعدیہ مہر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر محمد الیاس انجم اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید نیازی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔