ریاض،10 نومبر(اے پی پی ):سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فلسطینی غزہ کی پٹی میں اسرائیل کیجانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کی مذمت کی ہے ۔
وہ جمعہ کو یہاں سعودی افریقی سمٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ سمٹ سعودی عرب اور افریقی ممالک کے درمیان اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔سعودی ولی عہد نے کہا کہ ہم غزہ میں اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہیں۔
سعودی ولی عہد نے کہا کہ سعودی عرب نے 54 افریقی ممالک میں انسانی ہمدردی کے منصوبوں اور ترقی کے لیے 45 بلین ڈالر سے زائد رقم فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان امدادی مرکز نے 46 افریقی ممالک کو 450 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی ہے۔ انہوں نے افریقی ممالک تک پانی پہنچانے کے لیے 1 بلین ڈالرکے نئے اقدام کا اعلان بھی کیا۔











