قابل تجدید توانائی کے منصوبوں پر کام جاری ہے، انرجی مکس تبدیل کر کے60 فیصد بجلی  توانائی کے متبادل ذرائع سے پیدا کی جائے گی ،نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی

6

اسلام آباد،07نومبر  (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے  توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ  قابل تجدید توانائی کے منصوبوں پر کام جاری ہے، انرجی مکس تبدیل کر کے60 فیصد بجلی  توانائی کے متبادل ذرائع سے پیدا کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے سالانہ تکنیکی کانفرنس اور آئل شو2023 میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتےہوئے کیا۔ محمد علی نے کہا کہ توانائی کے شعبے کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں،حکومت نے انرجی مکس تبدیل کر کے60 فیصد بجلی متبادل توانائی کے ذرائع سے پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے جن میں ہائیڈرو، ونڈ اور سولر شامل ہیں ،قابل تجدید توانائی کے شعبے میں ماضی میں کئی پالیسیاں بنائی گئیں ،ملک میں توانائی کے شعبے کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور قابل تجدید توانائی کے منصوبوں    پر کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے موثر استعمال پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ بجلی کی بچت کی جا سکے ،ہم چاہتے ہیں کہ بجلی کے ایسے آلات کے استعمال کو فروغ دیا جائے جن سے توانائی کی بچت ہو سکے اور ہم متبادل توانائی کے منصوبوں کی طرف جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ  متبادل توانائی کے منصوبوں پر سرمایہ کاری کے لیے کام کیے جا رہے ہیں،  سولر توانائی کی بھی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے ،سولر منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی اس مقصد کے لیے  600 میگا واٹ کے سولر بجلی کے لیے بولیاں طلب کی جا رہی ہیں۔  وزیر توانائی نے کہا کہ ہم نے 30 فیصد گاڑیوں کو بجلی پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ،ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دیا جائے گااور اس منصوبے پر بھی کام ہو رہا ہے  ،اس سے ماحولیاتی مسائل کے حل میں بھی مدد ملے گی۔