قصور،22نومبر(اے پی پی): پولیس کا کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔گزشتہ تین روز کے دوران 200 کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی اور مقدمات درج کیے گئے جبکہ 153 کے چالان کیے گئے۔قصورپولیس نے بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والے 36 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جبکہ 129 چالان کیے گئے ۔
ڈی پی او قصور طارق عزیز سندھونے بتایا کہ کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ والدین کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، کم عمر ڈرائیور اپنی زندگی کے ساتھ دوسروں کی زندگیوں کیلئے خطرے کا باعث بن سکتا ہےاور کہا کہ والدین ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچوں کا مستقبل تباہ نہ کریں۔قصور پولیس ہر صورت قانون کی پاسداری کو یقینی بنائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائے گی۔ ڈی پی او قصورنے کہاکہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنیوالوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔