قصور، 16نومبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمدارشد بھٹی کی زیرصدار ت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 100سرکاری سکولوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹس لگانے کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محمدارشدبھٹی نے کہاکہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر سرکاری سکولوں کے معیار تعلیم کو بہترکرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، سکولوں میں مرحلہ وار پینے کیلئے صاف پانی، کلاس رومز، فرنیچرز کی فراہمی سمیت دیگر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں پہلے مرحلے میں 100سرکاری سکولوں میں فلٹریشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں، یہ فلٹریشن پلانٹس ماہ جنوری کے آخر تک مکمل کئے جائینگے، جن سکولوں میں پہلے سے فلٹریشن پلانٹس موجود ہیں انہیں اپ ڈیٹ کیا جائیگا جبکہ دوسرے مرحلے میں سکولوں میں فرنیچرز اور کلاس رومز بنوائے جائینگے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ایجوکیشن افسران روزانہ کی بنیاد پر سکولوں کا دورہ کریں۔
اجلاس میں سی ای او ایجو کیشن اتھارٹی قصور ملک انور ندیم، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سعد بن شبیر، ایکسئین پبلک ہیلتھ خادم حسین سمیت محکمہ ایجو کیشن کے دیگر افسران نے شرکت کی۔