ساہیوال، 17 نومبر ( اے پی پی ): ماحولیاتی آلودگی کے خلاف جنگ میں ساہیوال ڈویژن متحرک،ضلع بھر میں وہیکل فری ڈے منایا جا رہا ہے۔یہ دن کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی خصوصی ہدایت پر منایا جا رہا ہے، آج تمام افسران پیدل یا سائیکل پر اپنے اپنے دفاتر پہنچے۔
کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگراور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ پیدل کمشنر آفس پہنچے۔
اس حوالے سے کمشنر نے کہا کہ وہیکل فری دن منانے کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے عوام کو آگاہی دینا ہے،ماحولیاتی آلودگی نوع انسانی کی بقاء کے لئے بڑا خطرہ بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی آلودگی سے سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑرہا ہے،ہر فرد ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔