مذاکرات اور تحفظات جمہوریت کا حسن ہیں، صدر مملکت کے خط کا جواب خط سے دیا جائے گا؛ مرتضی سولنگی

28

 

لاہور، 12نومبر(اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ مذاکرات اور تحفظات جمہوریت کا حسن ہیں، صدر مملکت کے خط کا جواب خط سے دیا جائے گا، نگران حکومت آئین اور قانون کے تحت الیکشن کمیشن کی معاونت کرے گی، متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو  یہاں چائنیز کمپنی کے” لونگی سولرز آفس” کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مہنگی بجلی کا بوجھ عوام پر پڑتا ہے، متبادل توانائی کا ہماری ضرورت میں حصہ بہت کم ہے، ہمیں سورج کی روشنی سے فائدہ اٹھانا چاہئے، توانائی کے متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول پر توجہ دی جا رہی ہے۔

مرتضی سولنگی نے کہا کہ دنیا موسمیاتی تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے اور آئندہ حکومتوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ اس پالیسی کو جاری رکھیں اور توانائی کے متبادل ذرائع پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ متبادل توانائی کے حوالے سے چین دنیا کے اہم ممالک میں شامل ہے، چین نے توانائی کے شعبے میں بھرپور تعاون کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ مذاکرات اور تحفظات جمہوریت کاحسن ہیں، شکایت کرنا ہر ایک کا حق ہے، شکایات کو سامنے بھی آنا چاہئے۔  انہوں نے کہا کہ نگران حکومت آئین اور قانون کے تحت الیکشن کمیشن کی معاونت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی موجودہ قیادت ذمہ دار اور قابل لوگوں پر مشتمل ہے، الیکشن کمیشن اپنے دیئے گئے نظام الاوقات پر عمل کر رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صدر کے خط کا جواب خط سے دیا جائے گا، صدر مملکت پورے ملک کے صدر ہیں، وہ کسی ایک جماعت کے صدر نہیں، ہماری ان سے گزارش ہے کہ وہ اپنے آئینی عہدے کی تعظیم کا خیال رکھیں، بہتر ہوگا کہ وہ کسی ایک جماعت کے ترجمان بننے کی بجائے سب کے ترجمان بنیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ صدر مملکت کی تعظیم برقرار رہے۔

نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ اس ملک کو اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، قوموں کی تاریخ میں عدم استحکام بھی آتا ہے لیکن اس عدم استحکام سے نکلنے کا راستہ بھی اسی میں موجود ہوتا ہے، مشکلات ضرور ہیں لیکن ہمیں امید رکھنی چاہئے کہ نوجوان اس ملک کو بہتر راستے پر لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات سے اقتدار عوام کو منتخب ہوگا۔