ملتان ؛لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کے زیر اہتمام و بیسٹ سیلر فاﺅنڈیشن کے تعاون سے ایلیٹ ویمنز لیگ کیلئے اوپن ٹرائلز

11

 ملتان ،15 نومبر( اے پی پی ): لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کے زیر اہتمام اور بیسٹ سیلر فاونڈیشن کے تعاون سے ایلیٹ ویمن لیگ کے سلسلے میں پہلے مرحلہ میں لڑکیوں کے اوپن ٹرائلزاگراونڈ اپ اکیڈمی اوپن ٹرائلز گورنمنٹ ماڈل سکول گلگشت ملتان میں منعقد کئے گئے، جس میں سکولز، کالجز ، یونیورسٹیز، کرکٹ اکیڈمیز، کمیونٹی سمیت مختلف دور افتادہ علاقوں سے تعلق رکھنے والی چار سو سے زائد ویمن کرکٹرز نے شرکت کی۔

خواتین کو بااختیار بنانے کے سلسلے میں منعقدہ ٹرائلز کی نگرانی کوالیفائیڈ کوچز نے کی۔ملتان سلطان کے سربراہ علی ترین خان، گراونڈ اپ اکیڈمی کے چیف ایگزیکٹو خواجہ محمد انیس اور لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالصبورنے ٹرائلز سیشن کادورہ کیا اور گرلز کرکٹرز کی بھرپور شرکت پر حوصلہ افزائی کی۔

 علی ترین خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ خواتین کو زندگی کے ہر شعبہ میں بااختیار بنانے کیلئے تفریح اور کھیلوں میں محفوظ ترین میدان فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں ایلیٹ ویمن لیگ اس سلسلے کی کڑی ہے۔

 ڈاکٹر عبدالصبور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملتان میں ٹرائلز سیشن کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے اور دوسرا مرحلہ جو کہ 16نومبر کو لودھراں میں ایلیٹ ویمن لیگ ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا۔ 15دسمبر تک مرحلہ وار جاری رہنے والی ایلیٹ ویمن لیگ کے دوسرے مرحلہ میں ٹرائلز میں شریک باصلاحیت کرکٹرز پر مشتمل چھ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی اور لیگ میچز پر مبنی ایونٹ بھی کروایا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ ایلیٹ ویمن لیگ کے لیے خواتین کو عملی طور پر یہ احساس دلانا ہے کہ انہیں کھیل کے محفوظ میدان میسر ہیں انہوں نے بیسٹ سیلر فاونڈیشن اور گراونڈ اپ اکیڈمی کے خصوصی تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا۔