میرپورخاص، 16 نومبر( اے پی پی): ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی نے کہا ہے کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پولیو مہم کے دوران انتہائی حساس علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے نہ رہ جائے . ان خیالات کا اظہار انہوں نے 27 نومبر سے 1 دسمبر 2023 تک ہونے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق وڈیو لنک کے ذریعے ڈویژنل پولیو ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا . انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مرض کے خاتمے کے لیے باہمی ٹیم ورک اور موئثر نگرانی کی جائے اور پولیو مہم کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے جبکہ پولیو ٹیموں کی کاموں کی نگرانی کی جائے . کمشنرمیرپورخاص فیصل احمد عقیلی نے محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کے ساتھ ساتھ حفاظتی ٹیکوں کی ویکسینیشن کے کام کو بھی موئثر بنایا جائے تاکہ معصوم بچوں کی زندگی کو صحتمند بنانے میں مددگار ثابت ہوسکے . اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کے ایریا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر جھانگیر کورائی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کے دوران ڈویزن بھر کے 3 اضلاع کے 14 تحصیلوں اور 112 یونین کونسلوں میں پیدائش سے 5 سال تک کے 9 لاکھ 28ہزار 387بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اس ضمن میں 188یوسی ایم اوز ، 616 ایریا انچارجز ، 188 ٹرانزٹ پوائنٹس ، 234 فکسڈ ٹیمیں ، 2785موبائیل ٹیمیں اور 2386لیڈی ہیلتھ ورکرز گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی . اجلاس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالناصر صدیقی ، ڈائریکٹر صحت ڈاکٹر عبدالشکور جروار، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپورخاص ڈاکٹر جیرام داس ، ریجنل ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی مظہر ویسر ، ایڈیشنل کمشنر میرپورخاص ون علی نواز بھوت، ایڈیشنل کمشنر ٹو سونو خان چانڈیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون غلام دستگیر شیخ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو پریم چند ، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی ، ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ولی محمد بلوچ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔